برمنگھم ( نیوز ڈیسک ) آج کل ہر کوئی موٹاپا کم کرنے کے لیے سخت محنت کرتا نظر آتا ہے۔کوئی سخت ورزشیں کر رہا ہے تو کوئی خود کو بھوکا مار رہا ہے کہ کسی طرح سے وزن کم ہو جائے مگر سب بے سود۔
امریکی حکومت نے موٹاپے میں کمی کے لیے خصوصی سفارشات مرتب کرنے اور رہنمائی فراہم کرنے کے لئے کورنیل یونیورسٹی کے سائنسدان برائن وانسنک کو ذمہ داری سونپی۔برائن کی تحقیق سے ثابت ہوا کہ موٹاپے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم بہت زیادہ کھاتے ہیں لیکن ہم یہ نہیں جانتے کہ ہمارے طرز زندگی اور سوچ میں کچھ ایسی خامیاں ہیں جن کی وجہ سے ہم زیادہ کھاتے ہیں۔انہوں نے کچھ ایسے نفسیاتی حربے بتائے ہیں کہ جنہیں استعمال کر کے آپ باآسانی زیادہ کھانے سے بچ سکتے ہیں اور یہ بھی یاد رکھیں کہ ان ضروری اصولوں کو اپنائے بغیر آپ کبھی بھی کھانا کم نہیں کر سکیں گے۔
1 : کھانا چھپا کر رکھیں
جب کھانے کی چیزیں ہمارے سامنے ہوں گی تو ہم گاہے گاہے انہیں کھاتے رہیں گے ، خصوصاً بسکٹ ، چپس اور دیگر ایسی اشیا اگر سامنے میز پر پڑی ہیں تو آپ انہیں کھانے سے ہاتھ روک نہیں سکتے۔ایسی چیزوں کو اپنے سامنے سے ہٹائیں۔
2 : کھانے سے فاصلہ رکھیں
جب بھی آپ کسی تقریب یا پارٹی میں جائیں تو کھانے کی میز سے دور جگہ کا انتخاب کریں ۔اگر آپ طرح طرح کے کھانوں سے بھری میز کے بالکل پاس بیٹھے ہیں تو کئی گنا زیادہ کھا جائیں گے۔
تحقیق سے یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ موٹے لوگ عموماً کھانے کی میز کے قریب ترین بیٹھتے ہیں جبکہ دبلے فاصلے پر بیٹھتے ہیں۔
3 : سوچ سمجھ کر کھائیں
جو لوگ کھانے سے پہلے تھوڑا سا سوچتے ہیں کہ وہ کیا اور کتنا کھائیں گے وہ کم کھاتے ہیں جبکہ بلا سوچے سمجھے شروع ہو جانے والے ہمیشہ زیادہ کھاتے ہیں۔
4 :آہستہ آہستہ کھائیں
جلد بازی مت کریں ۔ڈاکٹر برائن کی تحقیق کے مطابق لقمے کو 12 سے کم دفعہ چبانے والے موٹے جبکہ 15 سے زائد دفعہ چبانے والے نارمل وزن کے مالک ہوتے ہیں ۔ہمیشہ تسلی سے اور چبا چبا کر کھائیں۔
5 : ورائٹی سے پرہیز کریں
آپ کے سامنے جتنے زیادہ کھانے ہوں گے آپ اتنا زیادہ کھائیں گے۔تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر آپ کے سامنے ایک کی بجائے تین قسم کے کھانے ہوں تو آپ 23 فیصد تک زیادہ کھا جائیں گے۔
6 : کس کے ساتھ کھائیں
اکیلے کھانے کی نسبت دوستوں کے ساتھ مل کر کھانے سے تقریباً دو گنا زیادہ کھانا کھایا جاتا ہے۔موٹے دوستوں کے ساتھ کھانے سے مقدار اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔اگر ویٹر موٹا ہو تو بھی آپ زیادہ کھاتے ہیں۔اور آپ سب سے زیادہ ان لوگوں کے ساتھ کھاتے ہیں جو دبلے ہونے کے باوجود زیادہ کھانا کھاتے ہیںکیونکہ آپ سمجھتے ہیں کہ زیادہ کھانے سے وزن پر خاص اثر نہیں ہوتا۔
No comments:
Post a Comment