Thursday, November 6, 2014

نیند ہے کتنی قیمتی

وہ سات وجوہات جو ثابت کرتی ہیں کہ نیند ہے کتنی قیمتی

نیویارک : رات کو دیر تک جاگنا نہ صرف آپ کی نیند کا وقت کم کرتا ہے بلکہ روشنی میں رہنے سے جسم پر آپ کی توقعات سے بھی زیادہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
رات گئے تک ٹیلیویژن دیکھنا انسانی جسم کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے اور یہ آپ کو سنگین امراض کا شکار بناسکتا ہے، جس کی چند مثالیں آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہیں۔

بانجھ پن کا خطرہ خاص طور پر خواتین کے لیے

طبی جریدے فرٹیلیٹی اینڈ اسٹرئیلٹی میں حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق رات کو دیر تک روشنی میں رہنے سے خواتین میں بانجھ پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، کیونکہ اس ایسے ہارمونز کے بننے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں جو بچے کی خواہش پوری کرنے کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں۔

موٹاپے کا سبب

رات گئے تک جاگنے کی عادت (یعنی رات کو دیر سے سوکر صبح بلکہ دوپہر میں اٹھنا) سے نہ صرف نیند کا دورانیہ کم ہوتا ہے بلکہ ایسے افراد کھانا بھی زیادہ کھاتے ہیں یا کیلیوریز زیادہ اپنے جسم کا حصہ بنالیتے ہیں، جس کا نتیجہ صاف ظاہر ہے موٹاپے کی شکل میں نکلتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ سات گھنٹے سے کم سوتے ہیں ان میں موٹاپے کا امکان بھی بہت زیادہ ہوتا ہے۔

تعلیمی کارکردگی پر منفی اثرات

اسکول کے طالبعلم اگر رات کو ساڑھے گیارہ بجے سے ڈیڑھ بجے تک سونے کے لیے لیٹے تو اس سے انہیں خراب تعلیمی نتائج اور جذباتی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ گزشتہ سال جرنل آف آڈلیسنٹ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اسکول جانے کے دنوں میں دیر تک جاگنا تعلیمی نتائج کے لیے بدترین ثابت ہوتا ہے اور دیگر تعلیمی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کینسر کا خطرہ

اگرچہ ابھی اس بات کو مکمل طور پر تو طبی لحاظ سے ثابت نہیں کیا جاسکا تاہم ایسے شواہد ضرور سامنے آئے ہیں رات کو روشنی میں رہنے سے کچھ اقسام کے کینسرز کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جن میں بریسٹ کینسر قابل ذکر ہے۔

تناﺅ کے ہارمون کا لیول بڑھنے کا خدشہ

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانوروں پر ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ طویل وقت تک روشنی میں رہنے سے مایوسی یا ڈپریشن جیسی علامات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس کی وجہ اسٹریس ہارمون کورٹیسول کا لیول بڑھنا ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ تحقیق جانوروں پر ہوئی مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے ہی اثرات انسانوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

نیند کی خرابی

ٹی وی یا کمپیوٹر کے سامنے سونے یعنی روشنی کے سامنے نیند سے آپ کی پوری رات کراب ہوسکتی ہے، کیونکہ اس دوران دماغ آرام کرنے کی بجائے روشنی سے متاثر ہوتا ہے اور انسان اٹھنے کے بعد تازگی کی بجائے بوجھل پن محسوس کرنے لگتا ہے۔

درحقیقت یہ عادت سب کچھ متاثر کرتی ہے

اگر آپ تاخیر سے بستر پر جاتے ہیں مگر دفتر یا اسکول جانے کے لیے جلد اٹھ جاتے ہیں تو اس بات کے امکانات کافی زیادہ ہیں آپ کی نیند پوری نہیں ہوسکے گی، جس کا نتیجہ ذہنی تھکاوٹ، چیزوں پر توجہ مرکوز نہ ہو پانا ار صحت پر منفی اثرات کی صورت میں نکلتا ہے۔

No comments:

Post a Comment