بہترین صحت کےلئے سائنسدانوں نے ورزش سے بھی زیادہ موثر آسان ترین طریقہ بتا دیا
برمنگھم (نیوز ڈیسک) کہتے ہیں کہ دل جوان ہونا چاہئے عمر میں کیا رکھا ہے۔ اب جدید سائنسی تحقیق نے بھی یہ ثابت کر دیا ہے کہ مثبت سوچ سخت ورزشوں اور طاقت کی ادویات سے کہیں زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ برطانیہ کی ییل یونیورسٹی کی تازہ تحقیق میں اوسطاً 81 سال عمر کے 100 سے زائد افراد پر تحقیق کی گئی۔
انہیں چار گروپوں میں تقسیم کر کے ایک گروپ کو بڑھاپے کے متعلق مثبت پیغامات اور نظریات بالواسطہ طور پر پہنچائے گئے۔ دوسرے گروپ کو بوڑھے لوگوں کے بارے میں مثبت مضامین لکھنے کو کہا گیا جبکہ ایک گروپ کو مخصوص ورزشیں کروائی گئیں۔ تحقیق کاروں نے دریافت کیا کہ جن لوگوں کو مثبت پیغامات اور نظریات سے روشناس کروایا گیا ان کی سوچ، توانائی اور جسمانی صحت میں واضح اضافہ ہوا۔ یہ لوگ چلنے پھرنے، اٹھنے بیٹھنے اور توازن قائم رکھنے میں دوسروں سے بہتر ہو گئے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بات بوڑھے لوگوں کے لیے خاص طور پر درست ہے اور یہ ضروری ہے کہ بڑھاپے کے بارے میں تاثرات اور اظہار رائے مثبت ہوں اور میڈیا، ڈرامے اور فلم میں بڑھاپے کو کمزوری کی بجائے پختگی، ہمت و حوصلے اور توانائی کی علامت کے طور پر پیش کیا جائے۔ جب بوڑھے لوگ اپنے ماحول میں بڑھاپے کا مثبت تذکرہ سنتے ہیں تو ان کی صحت و توانائی بہتر ہو جاتی ہے۔
No comments:
Post a Comment